نصاب تعلیم

اس نصاب تعلیم کا انتساب

درس نظامی کے بانی ملا نظام الدین سہالوی (d. 1748) کے نام ۔۔۔ جن کے بنائے ہوئے نصاب سے متاثر ہو کر یہ نصاب تیار کیا گیا۔

جدید تعلیم یافتہ طبقے کے جو لوگ دین کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، ان کے پیش نظر مختلف مقاصد ہوتے ہیں۔ اکثر لوگوں کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ دین کا بنیادی علم بس ابتدائی درجے میں حاصل کر لیں کہ یہ ان کی اپنی ضروریات کے لیے کافی ہو۔ بعض افراد دعوت دین کا کام کرنا چاہتے ہیں، اس وجہ سے ان کی خواہش یہ ہوتی ہے کہ وہ دین کے بنیادی علم سے آگے بڑھ کر مختلف دینی علوم میں متوسط درجے کی مہارت حاصل کر لیں۔ بعض لوگوں کا مزاج علمی ہوتا ہے اور وہ ہر مضمون (Domain of knowlege)کی گہرائی میں اتر کر اس کے مباحث کا تفصیلی علم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ بعض طالب علم کسی خاص مضمون میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کی دلچسپی دیگر علوم کے ساتھ نہیں ہوتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نصاب تعلیم اتنا لچک دار (Flexible) ہو کہ وہ طالب علم کی ضرورت کو پورا کر سکے۔

علوم دینیہ کے لئے جدید نصاب تعلیم کا خاکہ ڈائیگرام کی صورت میں واضح ہے۔ موجودہ دور میں جن 12مضامین یا اسٹریمز کی تدریس کی ضرورت ہے انہیں ہم ان عنوانات میں بیان کر سکتے ہیں-

1. عربی زبان
2. علوم القرآن
3. علوم الحدیث
4. تعمیر شخصیت اور تزکیہ نفس
5. علم الفقہ
6. امت مسلمہ کی تاریخ
7. رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کے صحابہ اور امت کی اہم تاریخی شخصیات کی سیرت
8. مسلم دنیا میں موجود مختلف گروہوں اور مکاتب فکر کا تقابلی مطالعہ
9. مذاہب عالم کا تقابلی مطالعہ اور ان کی تاریخ
10. دعوت دین
11. اسلام اور علوم جدید
12. علوم دینیہ کے مطالعے اور تحقیق کا طریق کار

ان علوم کی تدریس ابتدائی درجے سے لے کر انتہائی درجے تک بتدریج دی جا سکتی ہے۔ یہ تمام لیولز طالب علم کو ایک عمومی سطح تک لے جائیں گے۔ اس کے بعد جو طالب علم کسی مخصوص علم میں تخصیص کرنا چاہے تو وہ کسی بھی مخصوص علم میں تفصیلی مطالعہ کر سکتا ہے۔ نصاب کا پورا نقشہ ڈایاگرام میں دیکھا جا سکتا ہے۔

نصاب تعلیم کے درجات

نصاب تعلیم کو بنیادی طور پر تین لیولز میں تقسیم کیا گیا ہے جو مختلف درجے کے طالب علموں کی ذہنی سطح اور رجحانات کے مطابق ہیں-

ابتدائی سطح (Basic Level): یہ ان طالب علموں کے لیے ہے جو اپنی ضروریات کے لیے دین کا بنیادی علم حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس پر عمل کر کے آخرت میں کامیاب ہو سکیں۔ ڈایا گرام میں اسے ہلکے نیلے بیک گراؤنڈ میں ظاہر کیا گیا ہے۔

متوسط سطح (Intermediate Level): یہ ان طالب علموں کے لیے ہے جو دعوت دین کے شعبے میں کام کرنا چاہتے ہوں مگر بہت زیادہ علمی مزاج نہ رکھتے ہوں۔ اس میں متوسط سطح پر انہیں ضروری دینی معلومات فراہم کر دی جائیں۔ ڈایا گرام میں اسے ہلکے زرد بیک گراؤنڈ میں دکھایا گیا ہے۔

اعلی سطح (Advanced Level): یہ ان طالب علموں کے لیے ہے جو اعلی سطح پر دعوت دین کا کام کرنا چاہتے ہوں اور اپنی زندگیوں کو اس کام کے لیے وقف کر دینے کا عزم کیے ہوئے ہوں۔ یہ ڈایا گرام میں ہلکے سبز بیک گراؤنڈ کے ساتھ موجود ہے۔

ہر طالب علم اپنی اپنی ضرورت کے لحاظ سے ماڈیولز کا انتخاب کر سکتا ہے۔

Islamic Studies Program Nisaab e Taaleem

Islamic Studies Program Syllabus
Islamic Studies Program Registration