امت مسلمہ کی تاریخ

کہا جاتا ہے کہ جو قومیں تاریخ سے سبق نہیں سیکھتیں، ان کا جغرافیہ تبدیل ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے ضرورت اس امر کی ہے ہم اپنی تاریخ کا تفصیل سے مطالعہ کریں، اس کے مثبت پہلوؤں کو دیکھیں، ان کی مدد سے اپنی مستقبل کی تعمیر کے لیے سبق حاصل کریں، اپنی تاریخ کے منفی پہلوؤں کو سمجھیں اور ان غلطیوں کو دوہرانے سے گریز کریں، جو ہم پہلے کر چکے ہیں۔ عام طور پر کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تاریخ کی تعلیم محض بیانیہ (Descriptive) انداز میں دی جاتی ہے۔ اس کے برعکس اس پروگرام میں ہم تاریخ سے سبق سیکھنے کے لیے اس کا مطالعہ کریں گے۔ اس پروگرام کو ان ماڈیولز میں تقسیم کیا گیا ہے:

ماڈیول HH01: اس ماڈیول میں ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا مطالعہ کریں گے۔ اس اعتبار سے یہ نہایت اہم ماڈیول ہے کہ اس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و کردار کے ساتھ ساتھ ہم امت مسلمہ کے آغاز و ارتقاء کا مطالعہ بھی کریں گے۔ یہ ماڈیول علم تاریخ اور علم سیرت دونوں مضامین کے لیے بنیاد کی حیثیت رکھتا ہے۔

ماڈیول HH02: یہ ماڈیول خلفائے راشدین رضی اللہ عنہم کے دور کی تاریخ پر مبنی ہے۔ اس میں ہم تفصیل سے یہ دیکھیں گے کہ اسلام جزیرہ نما عرب سے نکل کر کس طرح دنیا میں پھیلا۔ اس کے بعد بنو امیہ کی تاریخ کا مطالعہ بھی اسی ماڈیول کا حصہ ہے۔

ماڈیول HH03: صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دور کی تاریخ سے متعلق کچھ سوالات تاریخ کے طالب علموں کے ذہن میں پیدا ہوتے ہیں۔ خاص کر حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی شہادت سے لے کر حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما تک کا دور ایسا ہے جس کے بارے میں طرح طرح کے شکوک و شبہات پھیلائے گئے ہیں۔ اس ماڈیول میں ہم نہایت تفصیل سے ان سوالات کا جائزہ لیں گے۔ اسی ماڈیول میں انشاء اللہ ہم تاریخی روایات کو جانچنے اور پرکھنے کے طریق کار میں مہارت حاصل کریں گے۔

ماڈیول HH04-06: ان تین ماڈیولز میں انشاء اللہ ہم بنو عباس (دوسری صدی ہجری) سے لے کر دور حاضر تک کی سیاسی تاریخ کا تفصیلی مطالعہ کریں گے اور یہ دیکھیں گے کہ تاریخ کے مختلف ادوار میں امت مسلمہ کن حالات سے گزری۔ اس نے کیا کارنامے انجام دیے، کیا غلطیاں کیں اور ان غلطیوں کے نتائج کیا نکلے؟ ان ماڈیولز میں ہم اپنے لیے سبق تلاش کریں گے جن کی مدد سے ہم اپنے مستقبل کی تعمیر کر سکیں۔

ماڈیول HH07: عام طور پر مطالعہ تاریخ میں صرف سیاسی تاریخ پر اکتفا کیا جاتا ہے حالانکہ تاریخ کے مذہبی، علمی، فکری، سماجی ، معاشی اور ثقافتی پہلو اس سے کہیں زیادہ اہمیت کے حامل ہوا کرتے ہیں۔ اس پروگرام کے آخری ماڈیول میں · ہم انشاء اللہ نہایت تفصیل کے ساتھ امت مسلمہ کے دور اول سے لے کر دور جدید تک اس کی مذہبی، علمی، فکری ، سماجی، معاشی، ثقافتی، اصلاحی اور دعوتی تاریخ کا مطالعہ کریں گے اور یہ دیکھیں گے کہ ان میدانوں میں کس طرح درجہ بدرجہ ترقی کرتے ہوئے اس امت نے کس طرح سے ایک اسلامی تہذیب (Islamic Civilization) کو جنم دیا۔ یہ تہذیب کن مراحل سے گزری ، اسے کن اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑا اور موجودہ دور میں یہ تہذیب کس مقام پر ہے۔

امت مسلمہ کی تاریخ کے اس مطالعے سے ہم نہ صرف ماضی کی تاریخ کا مطالعہ کریں گے بلکہ یہ بھی دیکھیں گے کہ ہم حال میں کہاں کھڑے ہیں اور ہمارا مستقبل کیا ہے؟ امت مسلمہ کی تاریخ کے پہلے چھ ماڈیولز تکمیل کے قریب ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد دستیاب ہو جائیں گے۔ ساتویں ماڈیول پر کام ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

ماڈیول HH01 ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے کلک کیجیے۔
ماڈیول HH02, 03, 04, 05, 06, 07 صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔ فارم کے لیے رجسٹریشن پر کلک کیجیے۔

پہلا ماڈیول ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس بٹن پر کلک کیجیے۔

بقیہ تمام ماڈیولز صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔ فارم کے لیے رجسٹریشن پر کلک کیجیے۔

Islamic Studies Program Registration