تعمیر شخصیت اور تزکیہ نفس

تزکیہ نفس کا مطلب ہے کہ اپنی شخصیت کو اخلاقی اور نفسیاتی بیماریوں سے پاک کر کے اس میں مثبت رجحانات اور خوبیوں کو پروان چڑھانا۔ قرآن مجید کے مطابق دینی تعلیم کا مقصد انسان کا تزکیہ ہی ہے۔ ویسے تو یہ کوشش کی گئی ہے کہ اس پورے کے پورے نظام تعلیم میں طلباء و طالبات کے تزکیہ نفس کو مرکزی حیثیت حاصل ہو اور کسی بھی کورس کا مطالعہ کرتے ہوئے ساتھ ساتھ طالب علم اپنا تزکیہ کرتا رہے تاہم اس مقصد کے لیے الگ سے دو ماڈیول بھی ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اس میں مختلف تحریریں، سیلف اسیسمنٹ ٹولز اور عملی مشقیں شامل ہیں جن کی مدد سے ہم اپنی شخصیت میں مثبت رجحانات اور خوبیوں کو پروان چڑھا سکتے ہیں اور منفی خصوصیات سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام کا ابتدائی ماڈیول اس وقت دستیاب ہے جبکہ ایڈوانسڈ ماڈیول کی تیاری کا کام ابھی جاری ہے۔

یہ سوال کیا جا سکتا ہے کہ تزکیہ نفس کی اہمیت کے پیش نظر اس کے زیادہ ماڈیولز ہونے چاہیے تھے لیکن نصاب میں صرف دو ہی ماڈیولز پر اکتفا کیوں کیا گیا ہے؟ اصل میں ہم نے کوشش کی ہے کہ پورے کے پورے نصاب کو اس طرح سے ڈیزائن کیا جائے کہ اس کے ہر ہر ماڈیول اور اس کے ہر ہر باب میں طالب علم کو اپنا تزکیہ کرنے میں مدد ملے۔ مثلاً علوم القرآن کا مطالعہ کرتے ہوئے قرآن مجید کے خاص کر ان پہلوؤں کو نمایاں کیا گیا ہے جو کردار سازی میں بنیادی اہمیت کے حامل ہیں۔ اسی طرح علوم الحدیث کا مطالعہ کرتے ہوئے تزکیہ نفس کے پہلوؤں پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اور تو اور، بالکل ہی مختلف نوعیت کے مضامین جیسے تقابلی مطالعہ، فقہ، تاریخ، تحقیق کے طریقہ کار اور دیگر سبھی مضامین میں یہ کوشش کی گئی ہے کہ ہر ہر باب میں ہمیں تزکیہ نفس سے متعلق کچھ نہ کچھ مواد ملتا رہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیر شخصیت اور کردار سازی سے متعلق اضافی ٹپس، تقریباً سبھی کتب میں موجود ہیں۔

تعمیر شخصیت کا ماڈل
تعمیر شخصیت کے لئے ہم نے اس پروگرام میں جو ماڈل اختیار کیا ہے، اسے اس ڈایاگرام میں بیان کیا گیا ہے۔

تعمیر شخصیت کے اس ماڈل میں پانچ یونٹس ہیں۔ ہر قسم کی تعمیر شخصیت کی بنیاد اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے درست تعلق ہے۔ اس تعلق کے بغیر شخصیت اور کردار کی تعمیر ایک ناممکن کام ہے۔ اس کی تفصیلات کو ہم یونٹ I میں بیان کریں گے۔

تعمیر شخصیت کے دو پہلو ہوا کرتے ہیں۔ ایک منفی شخصیت سے نجات اور دوسرا مثبت شخصیت کی تعمیر۔ یہ دونوں پہلو یونٹ II اور III میں بیان کئے گئے ہیں۔ یونٹ IV انسان کے انسان سے تعلق کے تزکیہ سے متعلق ہے۔ انسان کا دیگر مخلوقات جیسے حیوانات وغیرہ سے تعلق بھی اسی یونٹ میں بیان کیا گیا ہے۔ کتاب کا آخری یونٹ V ہمارے وژن کی تعمیر اور معاشرے اور دنیا سے متعلق ہمارے کردار سے متعلق ہے۔

تحریروں کا انتخاب
اس مجموعے میں ہم نے مختلف پس منظر رکھنے والے اہل علم کی مختصر تحریروں کو بھی شامل کیا ہے۔ اس کی بنیادی وجوہات یہ ہیں:
ہمارے ہاں یہ متعصبانہ رویہ رواج پذیر ہو چکا ہے کہ لوگ صرف اپنے ہی ہم عقیدہ اور ہم مسلک مصنفین کی تحریریں پڑھتے ہیں۔ ہمارے دین نے ہمیں ہر قسم کے تعصب کو اپنے دل سے نکال باہر کرنے کا حکم دیا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم نے حکمت کی بات، جہاں سے ملے، اسے لے لینے کا حکم دیا ہے۔ اسی جذبے کے پیش نظر ہم نے اچھی بات جہاں سے ملی ہے، اسے بغیر کسی تعصب کے اپنی کتاب میں شامل کیا ہے۔

نسل انسانی کے مختلف اہل علم کی کاوشیں ہمارا مشترک ذخیرہ ہے۔ ایک شخص کی بجائے، متعدد افراد کی کاوشیں انسانی شخصیت کے ہر پہلو کا احاطہ کرتی ہیں اور اس کے نتیجے میں علم و حکمت کا ایک بڑا ذخیرہ دستیاب ہو جاتا ہے۔ اس سے ہر انسان کو بلا تعصب استفادہ کرنا چاہیے۔ مختلف پس منظر کے حامل اہل علم کی تحریروں کے مطالعے سے وسعت نظری پیدا ہوتی ہے۔

تحریروں کے انتخاب کے لئے ہم نے جو معیار (Criteria) طے کیا ہے، اس کے اہم نکات یہ ہیں:

· تحریر اپنے موضوع سے مطابقت رکھتی ہو۔
· تحریر میں موضوع کا گہرا تجزیہ پیش کیا گیا ہو۔
· تحریر فرقہ واریت اور مذہبی تعصب سے پاک ہو۔
· تحریر جدید ذہن کو اپیل کرتی ہو۔
· ممکن حد تک ہر مکتب فکر کے نمائندہ اہل علم کی تحریریں پیش کی جائیں۔
· تحریر کا اسلوب، اعلی ادبی معیار پر پورا اترتا ہو۔
· تحریر سے متعلق کاپی رائٹس کی پابندیاں نہ ہوں۔

غور فرمائیے!
ہر تحریر کے آخر میں کچھ سوالات پیش کئے گئے ہیں تاکہ ہم اپنے اندر یہ عادت پیدا کر سکیں کہ ہم خود ہمہ وقت اپنی شخصیت کا محاسبہ کرتے رہیں۔

تزکیہ نفس کا ایڈوانسڈ ماڈیولPD02
اس ماڈیول میں انشاء اللہ ہم تفصیل سے ایسے کمپیوٹر بیسڈ شخصی ٹولز (Personality Tools) تیار کریں گے جن کی مدد سے ہم اپنی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کا تجزیہ کر سکیں گے۔ انشاء اللہ ان ٹولز سے ہمیں اپنی شخصیت کا تجزیہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مثبت پہلوؤں کو پروان چڑھانے اور منفی خصوصیات کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ یہ ماڈیول ابھی پلاننگ کے مرحلے میں ہے۔

مطالعہ تعمیر شخصیت ما ڈیولز صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔

Islamic Studies Program Registration