تاریخی شخصیات کی سیرت

دین اسلام کئی پہلووں سے دیگر مذاہب سے ممتاز نظر آتا ہے۔ اس میں ایک اہم پہلو رول ماڈلز کی تخلیق ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو صرف قرآن ہی نہیں دیا بلکہ اس کتاب کے ساتھ صاحب کتاب بھی دیا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے قرآن پر عمل کرکے دکھایا اور یہ عمل دین سیرت نبوی ہی سے حاصل کیا گیا ۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کے ساتھ ساتھ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو دین کا جز بناکر یہ فیصلہ صادر کردیا کہ کوئی بھی شخص اللہ کی رضا حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کے بغیر یہ مقصد حاصل نہیں کرسکتا۔
اس لحاظ سے دیکھا جائے تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے دینی پہلووں کا مطالعہ دین کا دوسرا ماخذ ہے۔ اس کے دقیق تجزئیے کے بغیر یہ ممکن ہی نہیں کہ خدا کے احکامات پر عمل کیا جاسکے۔ یہی مطالعہ سیرت نبوی بتا تا ہے کہ نماز کس طرح پڑھنی ہے، زکوٰۃ کی کیا شرح ہے، روزہ کا قانون کیا ہے، حج کی ادائیگی کن ارکان کا نام ہے؟۔ یہی مطالعہ اسلام کی سیاست، معیشت، معاشرت، اخلاقیات اور دیگر اصولوں کی وضاحت کرتا ہے۔چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے مذہبی پہلووں کا مطالعہ اصل میں دین ہی کا تقاضاہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت یہ بیان کرتی ہے کہ خدا کو کس طرح مانا جائے ۔ اسی کے ساتھ ساتھ اصحاب رسول کی سیرت یہ پیش کرتی ہے کہ رسول کی کس طرح اطاعت کی جائے۔ چنانچہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے دین کو مکمل کیا تو دوسر ی جانب صحابہ کی سیرت کے ذریعے اسلام کے رول ماڈلز آگاہ کیا۔
اسی اہمیت کے پیش نظر مطالعہ سیرت (Biographical Study) کو علوم اسلامیہ پروگرام میں ایک الگ کورس کی حیثیت دی گئی ہے۔اس مطالعہ سیرت کے کئی مقاصد ہیں۔سب سے پہلا مقصد تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے ان پہلووں پر روشنی ڈالنا ہے جنہیں پڑھ کر ایک مسلمان کو علم ہو کہ خدا کی بندگی کس طرح کی جاتی ہے، اس کا خوف کیسے اختیار کرتے ہیں، اس کی را ہ میں قربانی کس شے کا نام ہے، اس کی رضا کے لئے خود کو کیسے فنا کیا جاتا ہے ، اس کی جنت کے حصول کے لئے تزکیہ نفس کس طرح کیا جاتا ہے۔ اس کا دوسرا مقصد اصحاب رسول کی حیات طیبہ کو بیان کرنا ہے کہ کس طرح ان پاکیزہ ہستیوں نے دین کی خاطر مظالم جھیلے، کس طرح مشکلات میں خدا کے رسول کی اطاعت کی، مال و جان قربان کرکے دین کی نصرت کی، ایمان کی خاطر گھر بار چھوڑ کر ہجرت کی اور جب خوشحالی ملی تو اللہ کی راہ میں کیسے مال خرچ کیا۔
مطالعہ سیرت پروگرام کے مندرجہ ذیل ماڈیولز ہیں۔
ماڈیول BS01: مختصر سیرت النبی اللہ علیہ وسلم:اس کا مقصد سیرت نبوی کا مختصر بیان ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا تعارف ہو جائے، اہم واقعات سے آگاہی حاصل ہو جائے اور تزکیہ نفس کا پہلو نمایاں ہو جائے۔
ماڈیول BS02: سیرت النبی کے اہم پہلو:یہ ماڈیول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے کردار کو بحیثیت سیاست دان، معلم، نفسیات دان، حکمران اور دیگر اہم پہلووں کو بیان کرتا ہے۔
ماڈیول3 BS0: سیرت النبی اللہ علیہ وسلم پر اعتراضات کا جائزہ:اس میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات پر اٹھائے گئے قدیم اور جدید مستشرقین کے اعتراضات اور ان کا جواب مختصر لیکن مدلل انداز میں بیان کرتاہے۔
ماڈیول4 BS0: سیرت صحابہ حصہ اول:اس ماڈیو ل میں خلفائے راشدین اور دیگر قدیم صحابہ کی سیرت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
ماڈیول5 BS0: سیرت صحابہ حصہ دوم::یہ ماڈیول دیگر صحابہ کی سیرت کے مختلف پہلووں کو اختصار کے ساتھ بیان کرتا ہے۔
ماڈیول6 BS0: سیرت امہات المومنین: یہ ماڈیول امہات المومنین کی سیرتوں کے بیان پر مشتمل ہے۔
ماڈیول7 BS0: سیرت بنات الرسول :یہ ماڈیول نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی صاحبزادیوں کی سیرت پر روشنی ڈالتا ہے۔
ماڈیول8 BS0: سیرت صحابیات: اس میں مشہور صحابیات کی سیرتو ں کو بیان کیا گیا ہے۔
ان ماڈیولز پر آئی ایس پی کی ایک ٹیم کام کرہی ہے جس میں عدیلہ کوکب، انذار حسین شاہ، اقصی ارشد، جواد کاظمی اور مدیحہ فاطمہ شامل ہیں۔ فی الوقت اکثر ماڈیولز زیر تصنیف ہیں ۔ جونہی یہ مکمل ہونگے، ان کی اشاعت ہماری آفیشل ویب سائٹ پر کردی جائے گی۔

ماڈیول HH01 ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے کلک کیجیے۔
ماڈیول HH02, 03, BS01, 02, 03, 04, 05, 06 صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔ فارم کے لیے رجسٹریشن پر کلک کیجیے۔

پہلا ماڈیول ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے اس بٹن پر کلک کیجیے۔

بقیہ تمام ماڈیولز صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ انہیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔ فارم کے لیے رجسٹریشن پر کلک کیجیے۔

Islamic Studies Program Registration