علم الفقہ

دین کا ماخذ قرآن و سنت ہے۔ جس وقت قرآن و سنت میں بیان کردہ احکام کو سمجھ کر ان کا اطلاق زندگی میں پیش آنے مسائل پر کیا جا تا ہے تو اس سے علم فقہ وجود میں آتا ہے۔ لفظ ’’فقہ‘‘ کا مطلب ہے سمجھنا اور علم فقہ کے ماہر کو ’’فقیہ (جمع فقہا)‘‘ کہا جاتا ہے۔ جب ایک فقیہ کے سامنے عملی زندگی کا کوئی سوال درپیش ہوتا ہے اور وہ اس معاملے میں دین سے راہنمائی حاصل کرنا چاہتا ہے تو وہ قرآن و سنت میں غور و فکر کرتا ہے اور ان کے احکام کی روشنی میں اس مسئلے کا حل تلاش کرتا ہے تو اس کے نتیجے میں ’’علم فقہ‘‘ وجود پذیر ہوتا ہے۔ عہد رسالت سے لے کر آج تک ایک عظیم فقہی روایت مسلمانوں کے ہاں موجود رہی ہے اور فقہا نے اس میں بے شمار کتابیں تصنیف کی ہیں جن میں سے بہت سی کتب بیسیوں جلدوں پر مشتمل ہیں۔ علم فقہ کا تعلق پریکٹیکل زندگی سے ہے۔

مطالعہ فقہ پروگرام کا اسٹرکچر
دین کے ایسے طالب علم جو علم اور ذہانت کے اعتبار سے مختلف سطح پر ہوں، ان کی ضروریات مختلف ہوتی ہے۔ طالب علموں میں اس فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پروگرام کو آٹھ ماڈیولز میں تقسیم کیا گیا ہے

ماڈیول FQ01:
اس ماڈیول میں ہم دین کے بنیادی احکام کا مطالعہ کریں گے۔ یہ وہ احکام ہیں جو ایک عام مسلمان کی ضرورت ہیں۔ اس کا مطالعہ ہر مسلمان کو کرنا چاہیے اور اس غیر مسلم کو بھی جو اسلام کے پریکٹیکل پہلو سے واقفیت حاصل کرنا چاہتا ہو۔

ماڈیول FQ02:
یہ ماڈیول انٹرمیڈیٹ لیول کا ہے اور اس میں ہم مختلف فقہی مکاتب فکر کے دینی مسائل میں نقطہ ہائے نظر کا تقابلی مطالعہ کریں گے۔

ماڈیول FQ03
اس ماڈیول میں ہم فن ’’اصول فقہ‘‘ کے بنیادی مباحث کا مطالعہ کریں گے۔ اصول فقہ میں وہ پروسیجر زیر بحث آتے ہیں جن کی مدد سے قرآن و سنت کو سمجھ کر علم فقہ مرتب کیا جاتا ہے۔

ماڈیول FQ04-06:
ان تین ماڈیولز میں نہایت تفصیل کے ساتھ وہ فقہی مسائل زیر بحث آئیں گے جو کہ دور جدید میں انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں اور فقہا کی اصطلاح میں انہیں ’’جدید فقہی مسائل‘‘ کہا جاتا ہے۔ ان ماڈیولز میں ہم مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے فقہا کے نقطہ ہائے نظر کو ان کے بیان کردہ دلائل کی روشنی میں سمجھیں گے۔

ماڈیول FQ07: یہ ماڈیول علم اصول فقہ اور تاریخ فقہ کے اعلی ترین مباحث پر مشتمل ہو گا۔

آپ کے ذہن میں یہ سوال ضرور پیدا ہو رہا ہو گا کہ جب علم فقہ پر بہت سی کتب موجود ہیں تو پھر اس کورس کی ضرورت کیا ہے؟ یہ درست ہے کہ اس موضوع پر بہت سی کتب موجود ہیں جن کا مطالعہ آپ جب چاہے، خود بھی کر سکتے ہیں۔ تاہم اس کورس میں شمولیت سے آپ کو کچھ اضافی فوائد حاصل ہوں گے:

· اس کورس میں شمولیت سے آپ کو ایک استاذ کی خدمات حاصل رہیں گی جس سے آپ اپنے ذہن میں پیدا ہونے والے سوالات ڈسکس کر سکیں گے۔

· عام طور پر فقہی کتب، قدیم اور مشکل اسلوب میں لکھی جاتی ہیں۔ ان میں جدید ذہن رکھنے والے قارئین کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔ اس سیریز میں فقہی مباحث کو دور جدید کے آسان اسلوب میں بیان کیا گیا ہے۔

· عام فقہی کتب میں صرف احکام بیان کر دیے جاتے ہیں، ان کی حکمت و فلسفہ بیان نہیں کیا جاتا۔ اس سیریز میں آپ کو فقہی احکام کے ساتھ ساتھ اس کی حکمت، فلسفہ، منطق (Logic) اور دلائل بھی ملیں گے۔ اس کورس کو اس طریقے سے ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپ کو فقہا کے طریق استدلال سے واقفیت حاصل ہو سکے گی۔

· اس کورس میں ہماری کوشش ہو گی کہ آپ کی فقہی صلاحیتوں کو جلا بخشی جائے اور اس کورس کے اختتام پر آپ اس پوزیشن میں ہوں کہ مختلف فقہا کی آرا اور دلائل کا جائزہ لے کر اپنی رائے قائم کر سکیں۔

· عام طور پر فقہی کتب کسی خاص مسلک اور مکتب فکر کے مطابق لکھی جاتی ہیں۔ اس پروگرام میں ہم نے کوشش کی ہے کہ مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر کو اپنی مشترکہ علمی میراث سمجھتے ہوئے ان کا تقابلی مطالعہ کروایا جائے اور ان کے دلائل کو پرکھ کر صحیح رائے تک پہنچنے کی تربیت دی جائے۔

مطالعہ فقہ پروگرام کے مقاصد

اس پروگرام کے مقاصد یہ ہیں

· علم فقہ سے واقفیت

· علم اصول فقہ اور فقہ کے تاریخی ارتقا سے واقفیت

· جدید فقہی مسائل کا مفصل مطالعہ

· قرآن و سنت کے سانچے میں اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی تربیت

رجسٹریشن فارم حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔

Islamic Studies Program Registration

ماڈیول FQ01 کی کتاب ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے یہاں کلک کیجیے۔

بقیہ ماڈیولز کی تیاری میں ابھی کچھ عرصہ لگے گا۔