علوم الحدیث

قرآن مجید کے بعد دین کا دوسرا بڑا ماخذ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ اسی سنت کی تفصیلات ہمیں حدیث کے ذخیرے میں ملتی ہیں۔ قرآن مجید کو خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کیسے سمجھا اور اسے اپنے صحابہ کو کیسے سمجھایا؟ اس کے احکام پر آپ نے کس طرح عمل فرمایا؟ دینی و اخلاقی امور میں آپ کا طرز عمل کیا تھا؟ آپ کے صحابہ آپ سے دین کیسے سیکھتے تھے اور اپنے شاگردوں کو کیسے سکھاتے تھے؟ ان تمام امور کی تفصیل ہمیں احادیث و آثار کے ایک بہت بڑے ذخیرے میں ملتی ہے۔ اس پروگرام کو ہم نے آٹھ ماڈیولز میں تقسیم کیا ہے:

ماڈیول HS01: یہ بالکل ابتدائی درجے کے طلباء و طالبات کے لیے ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ طالب علموں کو احادیث نبوی کے فارمیٹ اور مشمولات سے متعارف کروایا جائے۔ اس میں ہم احادیث نبویہ کے ایک مختصر سے مجموعے کا مطالعہ کریں گے جس میں زیادہ تر تزکیہ نفس اور کردار سازی سے متعلق احادیث شامل ہوں گی۔ ان احادیث سے متعلق کچھ نفسیاتی، سماجی اور عملی اسائن منٹس دی جائیں گی تاکہ طالب علم خود میں وہ کردار پیدا کر سکیں، جن کا تقاضا ان احادیث میں کیا گیا ہے۔ اس ماڈیول کے اختتام پر آپ احادیث نبویہ کے فارمیٹ اور مضامین سے واقف ہو چکے ہوں گے۔

ماڈیول HS02: یہ ماڈیول متوسط درجے کے طلباء و طالبات کے لیے ہے۔ اس میں علوم الحدیث کا تعارف کروایا جائے گا۔ چونکہ احادیث کے اس ذخیرے میں بعض طالع آزماؤں نے کچھ جعلی احادیث بھی شامل کر دی ہیں، اس وجہ سے ضرورت اس امر کی ہے کہ اصلی و جعلی احادیث میں فرق کرنے کا طریقہ کار سمجھا جائے۔ اس کے لیے ماہرین حدیث نے روایت اور درایت کے عنوان سے کچھ پروسیجرز (Procedures) وضع کیے ہیں، جن کی مدد سے حدیث کے اصلی یا جعلی ہونے کا پتہ چلایا جا سکتا ہے۔ کتب حدیث اور مشہور محدثین کا تعارف، احادیث کی درجہ بندی (Classification)، اسماء الرجال، علم جرح و تعدیل، اسناد سے متعلق علوم اور درایت حدیث سے متعلق علوم کا ابتدائی مطالعہ اس ماڈیول میں کیا جائے گا۔اس ماڈیول کے اختتام پر انشاء اللہ ہم اس قابل ہوں گے کہ علوم الحدیث کے تصورات اور اصطلاحات کو سمجھ سکیں ۔

ماڈیول HS03: اس ماڈیول میں ہر درجے (صحیح، حسن، ضعیف) کی احادیث کا ایک سیمپل لے کر اس پر علوم الحدیث کا اطلاق کیا جائے گا۔ ہم بذات خود ایسی مشقیں کریں گے جن میں علم الروایۃ او رعلم الدرایۃ کا اطلاق ان احادیث پر کیا جائے گا اور یہ جانچنے کی کوشش کی جائے گی کہ یہ احادیث کس درجے میں مستند (Authentic) ہیں۔ اس ماڈیول کے اختتام پر ہم انشاء اللہ اس قابل ہو چکے ہوں گے کہ کسی بھی حدیث کے بارے میں یہ جانچ پڑتال (Assessment) کر سکیں کہ اس کی نسبت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم یا کسی صحابی کی طرف درست ہے یا نہیں۔

ماڈیول HS04-HS08: احادیث کا ذخیرہ چونکہ بہت بڑا اور متنوع ہے، اس وجہ سے اس پورے ذخیرے کا مطالعہ تو کورس کی صورت میں ممکن نہیں ہے۔ تاہم احادیث و آثار کے ذخیرے سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے ہم پانچ ماڈیولز کی صورت میں اہم کتب حدیث اور ان کی مشہور شروح (Commentaries)کے منتخبات کا مطالعہ کریں گے۔ اس طرح ہم احادیث کے پورے ذخیرے سے واقفیت حاصل کر سکیں گے۔

علوم الحدیث پروگرام کے پہلے دو ماڈیول اس وقت دستیاب ہو چکے ہیں اور بقیہ ماڈیولز کی تیاری پر کام ابھی جاری ہے۔

ماڈیول HS01 ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے کلک کیجیے۔

ماڈیول HS02 صرف رجسٹرڈ طلباء و طالبات کے لیے ہیں۔ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے پہلے رجسٹریشن فارم پر کیجیے۔ فارم کے لیے رجسٹریشن پر کلک کیجیے۔

Hadith Studies - Module 1
Islamic Studies Program Registration